۲ آذر ۱۴۰۳ |۲۰ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 22, 2024
علامہ راجہ ناصر عباس کا پاکستانی نئے آرمی چیف کیلئے نیک خواہشات کا اظہار

حوزہ/ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا ہے کہ CJCSC کےلیے نامزد کردہ جنرل ساحر شمشاد مرزا اورنامزد COAS جنرل عاصم منیر کو ان کی ترقی اور تقرری پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرنا چاہتا ہوں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایم ڈبلیو ایم کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنے تہنیتی پیغام میں پاکستانی نئے آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی کے تقرر پرCJCSC کےلیے نامزد کردہ جنرل ساحر شمشاد مرزا اور نامزد COAS جنرل عاصم منیر کو ان کی ترقی اور تقرری پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں افسران کے لیے میری نیک تمنائیں ہیں کیونکہ وہ اپنے اعلیٰ عہدوں کی ذمہ داریوں اور چیلنجوں کو سنبھالنے کے لیے تیار ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ اہم تبدیلی ہماری قومی زندگی میں ایک انتہائی نازک مرحلے پر ہو رہی ہے۔ جب کہ آپ مادر وطن کے دفاع کو مضبوط بنانے کے لیے کام کریں گے، ہمیں پوری امید ہے کہ آپ سیاست میں فوج کی مداخلت کو ختم کریں گے، جیسا کہ جنرل باجوہ نے اعتراف کیا، اور جمہوری طرز حکمرانی کو مضبوط بنانے کے لیے جگہ اور موقع فراہم کریں گے۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ دہشت گردوں کے ساتھ امن مذاکرات کے ناکام منصوبے کی وجہ سے داخلی سلامتی بالخصوص دہشت گردی کے دوبارہ آغاز پر فوری توجہ کی ضرورت ہے۔بلاشبہ آپ فوج کا امیج دوبارہ بنانے کی کوششیں کریں گے۔ جہاں آپ دیگر پیشہ وارانہ اقدامات پر توجہ مرکوز کریں گے وہیں ہم ایک اہم اور توجہ طلب مسئلہ شیعہ مسنگ پرسنز کی بازیابی کو بھی آپ کی ترجیح کے طور دیکھتے ہیں۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .